ایران نے کہا ہے کہ انسانی بنیادوں اورکورونا کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر دیگر ممالک سے قیدیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہیں جبکہ ایران کی مختلف جیلوں میں قید 44 پاکستانیوں کو زاہدان جیل منتقل کردیا گیا لیکن اسلام آباد میں وزارت خارجہ اور وارت انصاف کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نیازی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے درخواست کی تھی کہ وہ ایران میں زیر حراست پاکستانی قیدیوں کے تبادلے پر غور کریں۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی اسلامک ریپبلک ایجنسی (ارنا) کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر انصاف برائے انسانی حقوق اور بین الاقوامی امور اور قیدیوں کی حوالگی کی کمیٹی کے چیئرمین محمود عباسی نے بتایا کہ پاکستانی وزیراعظم کی درخواست کے بعد 44 پاکستانی قیدیوں کو زاہدان جیل منتقل کردیا تاکہ انہیں پاکستانی حکام کے حوالے کردیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا لیکن بدقسمتی سے اس پر کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ایران انسانی حقوق کی بنیاد پر دیگر ممالک سے بھی قیدیوں کا تبادلے کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ‘گزشتہ دومہینے میں جارجیا سے 108 ایرانی قیدیوں ملک میں واپس آئے جبکہ متعدد غیرملکی قیدیوں کو ان کے متعلقہ ممالک بھیج دیا گیا’۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2 ہزار سے زائد افغان قدیوں کو ان کے ملک منتقل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں ایرانی قیدیوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ بدقسمتی سے متحدہ عرب امارات میں ہمارے قیدی قونصلر کی خدمات اور منصفانہ مقدمے کی سماعت سمیت انسانی حقوق سے محروم ہیں۔