عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈانوم گیبریئسس نے پیر کے روز کہا کہ اسرائیل کو چاہئیے کہ وہ ہسپتالوں پر حملے بند کرے۔ انہوں نے کہا، غزہ کی پٹی میں صحت کا نظام "سخت خطرے میں ہے”۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا،”غزہ کے لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کی ضرورت ہے۔ انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو صحت کی امداد فراہم کرنے کے لیے رسائی کی ضرورت ہے۔ جنگ بندی کی جائے۔”
ٹیڈروس نے کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا جنہیں اسرائیلی فورسز نے گزشتہ ہفتے شمالی غزہ کے ہسپتال میں کارروائی کے دوران 200 سے زیادہ فلسطینیوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا تھا۔
تب اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ ہسپتال عسکریت پسندوں کے استعمال میں تھا اور یہ کہ ابو صفیہ سے اس بارے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
انٹر نیشنل ریڈ کراس ، آئی سی آر سی نے بھی کہا ہے کہ شمالی غزہ میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام اسرائیل اور حماس کی جنگ کی وجہ سے تباہ ہو چکا ہے اور اسپتال مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں ۔
آئی سی آر سی نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ، ’’ اسپتالوں کے اندر اور ان کے ارد گرد بار بار کی لڑائیوں نے شمالی غزہ میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام برباد کر دیا ہے اور عام شہری زندگی بچانے کی دیکھ بھال کی سہولت سے محرومی کے ناقابل قبول خطرے سے دوچار ہیں۔‘‘
ادارے نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے مطابق طبی اداروں کے احترام اور تحفظ کی اپیل کی ہے ۔
بیان میں کہا گیا، ’’ یہ تحفظ، انسانی زندگی کی حفاظت کے لئے ایک قانونی اور اخلاقی زمہ داری ہے ، اور یہ کہ اسپتال تنازعے میں بیمار اور زخمیوں کے لیے ایک لائف لائن تھے۔
جنیوا میں قائم ادارے نے کہا کہ ، العودہ اسپتال پر ، جسے اس سے قبل آئی سی آر سی کی رسدوں کی مدد حاصل تھی ، اب دباؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہےکیوں کہ وہ شمالی غزہ میں ابھی تک فعال چند طبی اداروں میں سے ایک ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ ، کمال عدوان اور انڈونیشئین اسپتال اب مکمل طو ر پر ناکارہ ہو چکے ہیں۔ ان طبی مراکز نے کئ ماہ تک مریضوں کو دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے جدو جہد کی ہے جب کہ جاری لڑائیوں سے اسپتالوں کو نقصان پہنچا ہے اور اسٹاف ، مریضوں اور عام شہریوں کو یا تو خطرہ لاحق ہوا ہے یا نقصان پہنچا ہے ۔‘‘
اسرائیل نے جمعے اور ہفتے کو کمال عدوان اسپتال پر ایک بڑی چھاپہ مار کارروائی کی تھی۔
اسرائیلی فوج نے اس کارروائی کو علاقے میں کی جانے والی اپنی ایک سب سے بڑی کارروائی قرار دیتے ہوئے اتوار کو کہا کہ اس کی فورسز نے اس کارروائی میں لگ بھگ 20 فلسطینی عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 240 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے ۔
عالمی ادارہ صحت ، ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں غزہ کا صحت کا آخری سب سے بڑا مرکز ناکار اور مریضوں سے خالی ہو گیا ہے ۔