نوکنڈی: انجمن تاجران کا ریکوڈک پروجیکٹ پرشدید تحفظات باعث تحریک چلانے کاعندیہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے نوکنڈی کے انجمن تاجران نے ریکوڈک پروجیکٹ آر ڈی ایم سی کے حوالے سے شدید تحفظات کے باعث تحریک چلانے کا عندیہ دیا ہے۔

انجمن تاجران نوکنڈی کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے ریکوڈک پروجیکٹ آر ڈی ایم سی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ میں مقامی تاجروں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے اور انہیں پرچیزنگ کے حوالے سے کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ مقامی تاجروں اور مقامی ٹھیکیداروں کو آر ڈی ایم سی میں رجسٹریشن کے عمل سے بھی باہر رکھا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق، مقامی تاجروں سے پرچیزنگ کے جھوٹے وعدے کیے گئے تھے، مگر اس کے باوجود تمام اشیاء خوردونوش جیسے مرغی اور بکری کا گوشت، آٹا، چاول، دالیں وغیرہ ایک سندھ کی کمپنی پی ایف ایم کے ذریعے کراچی سے منگوائی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے ٹھیکیداروں کو ریکوڈک پروجیکٹ آر ڈی ایم سی میں کروڑوں اور اربوں کے ٹھیکے دیے گئے ہیں۔ ان ٹھیکیداروں نے اپنی کمپنیوں کے ذریعے اپنے سندھ اور پنجاب کے دیگر چھوٹے ٹھیکیداروں کو بھی ٹھیکے دیکر شامل کر لیا ہے اور ان افراد کو ریکوڈک پروجیکٹ میں ٹھیکے دینے کا عمل جاری رکھا ہے۔

اس کے علاوہ، غیر مقامی ٹھیکیدار اپنے علاقوں سے لوگوں کو ریکوڈک پروجیکٹ میں تیزی سے ملازمتیں دے رہے ہیں۔ سندھ کے میس ٹھیکیدار پی ایف ایم نے میس کے تمام ملازمین کو سندھ سے بھرتی کر کے لایا ہے، جبکہ اشیاء خوردونوش کی تمام چیزیں بھی سندھ سے منگوائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی او مارک بریسٹو نے اپنی پریزنٹیشن میں یقین دہانی کرائی تھی کہ علاقے کے مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا اور مقامی تاجروں سے پرچیزنگ کرکے ان کو فائدہ پہنچایا جائے گا، مگر اب صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ مقامی تاجر دیکھ رہے ہیں کہ سندھ اور پنجاب کے ٹھیکیدار نہ صرف وسائل لوٹ رہے ہیں بلکہ مقامی لوگوں کے روزگار پر بھی قابض ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر شدید اعتراض کیا کہ پروکیورمنٹ آفس کراچی میں قائم ہے اور وہاں بیٹھے افراد اپنے سندھ کے لوگوں سے کمیشن لے کر انہیں ٹھیکے دے رہے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نوکنڈی کے مقامی تاجروں کو اب تک ریکوڈک پروجیکٹ سے کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے اور مقامی تاجروں کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی پر وہ خاموش نہیں رہیں گے۔

انجمن تاجران نوکنڈی نے اس سلسلے میں ریکوڈک پروجیکٹ آر ڈی ایم سی کے پروکیورمنٹ آفس کی غلط پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اور اس کے لیے بہت جلد ایک پریس کانفرنس کی جائے گی۔

Share This Article