بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج کی دوبارہ فعالیت کیلئے طلباو طالبات نے احتجاجی ریلی نکالی اور ہاسٹل سمیت کالج کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
بولان میڈیکل کالج اور ھاسٹلوں کی بندش کے خلاف 6 روز سے جاری احتجاجی کیمپ سے آج ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
احتجاجی ریلی میں کثیر تعداد میں طلباء و طالبات سمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ اور بلوچستان حکومت کی جانب سے ابھی تک طالبعلموں کے مطالبات کی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔
انکا کہنا ہے کہ جب تک کالج اور ہاسٹلز کو دوبارہ نہیں کھولا جاتا اس وقت تک احتجاجی کیمپ جاری رہے گا۔
یاد رہے گزشتہ مہینہ پولیس نے طلبا کے درمیان پیش آنے والے تکرار کو جواز بنا کر کالج میں مداخلت کی اور ہاسٹلز کو خالی کروا دیا۔ تب سے طلبہ سراپا احتجاج ہیں اور دوبارہ ہاسٹل سمیت کالج کے بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں۔