صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں گوشت کی دکان میں دھماکے میں 2 رینجرز اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران ایک شہری بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق دھماکا گھوٹا مارکیٹ کے قریب گوشت کی دکان میں ہوا جہاں سے رینجرز اہلکار روزانہ گوشت خریدا کرتے تھے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فرخ لونجر کے مطابق گوشت کی دکان میں دھماکے کے فوری بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بم پہلے سے نصب کیا گیا تھا تاہم اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل 12 جون کو راولپنڈی کے علاقے صدر کینٹ کے تجارتی علاقہ کوئلہ سینٹر میں بم دھماکے میں کم ازکم ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس سب انسپکٹر سجاد الحسن کا کہنا تھا کہ کباڑی بازار میں چھوٹا بازار میں کارنر فوڈ کے نزدیک دھماکا پوا جبکہ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی تاہم سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش کا آغاز کردیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک بزرگ اور 3 بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہیں اور ایک شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا۔
رواں برس فروری میں کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔