دبئی : لاپتہ اسرائیلی مذہبی رہنما کی لاش برآمد، 3 افرادگرفتار، ایران کا ملوث ہونے سے انکار

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

متحدہ عرب امارات کے ریاست دبئی میں جمعرات سے لاپتہ اسرائیلی ربی (مذہبی رہنما) کی لاش مل گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر اور اسرائیلی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ربی زوی کوگن کی لاش مل گئی ہے۔اسرائیلی اور اماراتی حکام نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہےکہ کوگن کا قتل ایک مجرمانہ اور یہود مخالف دہشت گردی کا واقعہ ہے، اسرائیلی ریاست مجرموں کو انجام تک پہنچانےکے لیے ہر اقدام کرےگی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مقتول یہودی ربی زوی کوگن کے پاس یورپی ملک مالدووا کی شہریت بھی تھی۔

زوی کوگن نے مالدووا کے پاسپورٹ پر دبئی کا سفر کیا تھا۔ یو اے ای میں مالدووا کا سفارت خانہ بھی قتل کی تحقیقات میں شامل ہوگیا ہے۔

اماراتی وزارت داخلہ اور اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نےگزشتہ روز زوی گوکن کے لاپتہ ہونے کا بتایا تھا۔

دوسری جانب یواے ای میں لاپتہ اسرائیلی مذہبی رہنما کے قتل کے شبے میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اماراتی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ زوی کوگن کے قتل کے شبے میں 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اماراتی وزارت داخلہ نے گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

علا وہ ازیں ایران نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اسرائیلی مذہبی رہنما کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کردیا۔

آرتھوڈوکس یہودی تنظیم کے لیےکام کرنے والا ربی زوی کوگن جمعرات کو دبئی میں لاپتہ ہوا بعد ازاں اتوار کے روز اس کی لاش ملی تھی۔

اماراتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سوسائٹی کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف تمام قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔

اسرائیلی اور اماراتی حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔اسرائیلی ربی کے پاس یورپی ملک مولڈووا کا پاسپورٹ بھی تھا، اسی پاسپورٹ پر دبئی کا سفر کیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment