شمالی لبنان اور غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 53 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

شمالی لبنان اور غزہ پر اسرائیلی حملوں میں متعدد بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت بیروت کے شمال میں بائیبلوس کے قریب المت میں اتوار کی شب اسرائیلی حملوں میں سات بچوں سمیت کم از کم 23 افراد ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب شمالی غزہ میں شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ محصور علاقے میں دو گھروں پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق اتوار کی علی الصبح جبالیہ میں ایک گھر پر پہلا حملہ کیا گیا جس میں 13 بچوں سمیت ’کم از کم 25‘ افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے علاقے صابرہ میں مزید پانچ افراد ہلاک ہوئے اور کچھ اب بھی لاپتہ ہیں۔

اسرائیل کی دفاعی افواج نے کہا ہے کہ انھوں نے لبنان میں جس مقام کو نشانہ بنایا ہے وہاں حزب اللہ نے بڑی تعداد میں ہتھیار ذخیرہ کیے ہوئے تھے اور وہ ان مقامات کو اسرائیل پر حملے کے لیے استعمال بھی کر رہے تھے۔

آئی ڈی ایف کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کے خطرے کو کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے جن میں فضائی نگرانی اور درست انٹیلی جنس کا استعمال بھی شامل ہے۔

تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی انتظامیہ دونوں واقعات کی تفصیلات کا جائزہ بھی لے رہی ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ المت میں ہونے والے حملے کے بعد امدادی کارکن اب بھی ملبے تلے دب جانے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

اسرائیل افواج ایران کے حمایت یافتہ لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ کے خلاف اپنی کارروائیوں میں تیزی لا رہی ہیں۔ آئی ڈی ایف کی توجہ جنوبی لبنان پر مرکوز ہے، جہاں پر گروپ کی سرحد پار راکٹ داغنے کے متعدد مراکز موجود ہیں اور وہ انھیں نشانہ بنا رہی ہیں۔ تاہم حالیہ ہفتوں کے دوران لبنان کے تقریباً تمام ہی شہروں اور قصبوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment