جنوبی وزیرستان میں پاکستانی فورسز پر حملے، 5 اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک

0
23

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواکے علاقے جنوبی وزیرستان اپر اور ضلع خیبر کی وادی تیراہ میںپاکستانی فورسز پر 3 حملوں میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 5 اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

اپر جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے کرم میں سیکیورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل گاڑی پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا۔

آئی ای ڈی حملے کے بعد حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں ایف سی کے 4 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔

زخمی اہلکاروں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور انہیں وانا کے اسکاؤٹس ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ایک اور واقعے میں عسکریت پسندوں نے دزا غنڈائی کے علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں محکمہ انسداد دہشت گردی کا ایک اہلکارہلاک اور دو شہری زخمی ہوگئے۔

خیبر کی وادی تیراہ میں نامعلوم مقام سے فائر کیا جانے والا مارٹر گولہ علاقے میں گرنے سے 2 بچے ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بار قمبر خیل کے علاقے بھوٹان شریف میں ایک سرکاری پرائمری اسکول ہاشم خان کالے کے طلبہ کا ایک گروپ اپنے گھر جا رہا تھا کہ نامعلوم سمت سے فائر کیا گیا مارٹر قریبی گھروں اور ایک مسجد پر گرا۔

مارٹر گولے کی وجہ سے سرا چینا کے علاقے میں کچھ گھروں اور مسجد میں آگ لگ گئی جبکہ مارٹر سے نکلنے والے چھروں سے 6 بچے شدید زخمی ہوئے، جس میں ایک بچی بھی شامل ہے۔

رہائشیوں کے مطابق 10 سالہ عابد اللہ اور اس کی بہن کلثوم پشاور کے ہسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمی طلبہ کو ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here