تربت ،مستونگ ، مند وموسیٰ خیل سے پاکستانی فوج ہاتھوں 4 افراد لاپتہ ،سی پیک روڈ احتجاجاً بلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے تربت ،مستونگ ، مند اور موسیٰ خیل میں پاکستانی فوج نے 4 افراد کو حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا جبکہ تربت میں لاپتہ نوجوان کی بازیابی کیلئے احتجاجاًسی پیک روڈ کو بلاک کردیا۔

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے متصل علاقے شاہرک میں گذشتہ شب فوج نے ایک نوجوان کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت سھراب راہی ولد ماسٹر عصاراہی کے نام سے ہوئی ہے۔

چھاپہ فورسز نے کل رات کیچ کے علاقے شہرک کے مقام پر مارا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق رات دو بجے کے قریب فورسز نے بڑی تعداد میں علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر پر چھاپہ مارکر گھر میں موجود اس کے والد اور دیگر افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر مذکورہ شخص کو اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔

واقعہ کے خلاف شہرک کے مقام پر اہلخانہ کی جانب سے مظاہرین نے سی پیک روڈ کو بند کردیا۔

سہراب کے والد کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کو گھر سے پاکستانی فورسز نے اٹھایا ہے۔ جس کے سبب خواتین نے شہرک کے مقام پر تربت، کوئٹہ شاہراہ احتجاجاً بند کردیا۔

روڈ کی بندش کے سبب دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

دوسری جانب ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم سے فورسز نے گذشتہ شب ایک گھر پر چھاپہ مار کر محمد خان ولد میر احمد بزدار کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مذکورہ شخص کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق موسیٰ خیل و چمالنگ کے علاقوں میں فورسز کے نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ راڑہ شم و گردنواح سے بڑی تعداد میں لوگوں کے جبری گمشدگی کی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے تفصیلات آنا باقی ہے۔

حکام نے اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

علاوہ ازیں مستونگ کھڈ کوچہ سے فورسز نے ایک نوجوان کو شادی کی رات حراست میں لے کر جبری طور لاپتہ کردیا ہے ۔

ا س سلسلے میں شاہوانی قبیلہ کلی عبدالغفار کھڈکوچہ کے معززین نے جاری بیان میں نوجوان دولھے شاہ نواز شاہوانی ولد آدم خان شاہوانی کی پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ان کی شادی کی رات حراست میں لیکر لاپتہ کرنے کی مذمت کی ہے ۔

انھوں نے کہاہے کہ ہم اعلیٰ احکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شاہ نواز شاہوانی کو جلد از جلد باحفاظت بازیاب کیا جائے۔

دریں اثنا گذشتہ روزصبح 4 بجے ضلع کیچ کے علاقے مند سے فورسز نے امیر ولد نور بخش نامی ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا ہے ۔

Share This Article
Leave a Comment