ایمان مزاری اور شوہر کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ’سیکیورٹی رسک پیدا کرنے‘ کے الزام میں معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی جانب سے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔

وکیل قیصر امام نے موقف اپنایا کہ درخواست گزاروں کا 3 روزہ ریمانڈ دیا گیا ہے، عدالتی ہدایت پر وکیل قیصر امام نے ریمانڈ آرڈر پڑھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف ریمانڈ آرڈر معطل کرتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کردیے اور کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ روز سڑک کی رکاوٹیں ہٹا کر ’سیکیورٹی رسک پیدا کرنے‘ کے الزام میں معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل (28 اکتوبر) دارالحکومت اسلام آباد کی آبپارہ پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری کو شوہر سمیت گرفتار کر لیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment