عسکریت پسند فلسطینی تنظیم حماس کے ایک سینیئر رہنما خلیل الحیا نے تنظیم کے سربراہ یحییٰ السنوار کی غزہ میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں خلیل الحیا نے کہا کہ السنوار لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے۔
سینیئر حماس رہنما نے کہا ہے کہ تنظیم فلسطینیوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے راستے پر چلتی رہے گی اور السنوار کی موت تنظیم کو مزید مضبوط کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو اس وقت تک واپس نہیں کیا جائے گا جب تک غزہ میں حملے بند نہیں کیے جاتے اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا نہیں ہو جاتا۔
خلیل الحیا حماس کے السنوار کے بعد سب سے سینیئر رہنما ہیں۔
خیال رہے کہ السنوار کو جمعرات کو غزہ میں اسرائیلی افواج کی ایک معمول کی گشت کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج سات اکتوبر کے حملوں کے منصوبہ ساز کو ایک سال سے تلاش کر رہی تھی جو غزہ میں روپوش ہو چکے تھے۔
اسرائیل کی جانب سے یحییٰ سنوار کی ہلاکت کی تصدیق کرنے کے ایک روز بعد حماس نے بھی سنوار کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے جمعے کے روز ایک ویڈیو پیغام میں یحییٰ سنوار کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ سنوار لڑائی کے دوران مارے گئے۔
حماس کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ تنظیم اپنے قواعد و ضوابط کے تحت جلد اپنے نئے سربراہ کا انتخاب کرنے کے لیے اجلاس کرے گی۔
ان کا کہنا ہے ان کے سابق سربراہ یحییٰ السنوار کی ہلاکت سے ان کی تنظیم کے جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدہ، امداد اور تعمیر نو کی اجازت کے مطالبے تبدیل نہیں ہوئے۔