بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں تجابان میں پاکستانی فورسز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سرمچاروں نے کیچ کے علاقے تجابان میں قائم قابض فورسز کے کیمپ پر راکٹ فائر کیے جو کیمپ کے اندر گرے، جس سے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔
انہوںنے کہا کہ سرمچاروں نے یہ کارروائی 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب بارہ بجے کے قریب سر انجام دی۔ حملے کے بعد ہراساں اور بوکھلائی ہوئی فورسز نے شہری آبادی پر اندھا دھند مارٹر گولے داغے جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچہ زخمی ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ ریاستِ پاکستان ہمیشہ کی طرح سرمچاروں کے حملوں کے بعد انتقامی کارروائیوں میں عام شہریوں کو نشانہ بناتی ہے تاکہ بلوچ عوام کو سرمچاروں کی حمایت سے روکا جا سکے۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ بلوچ سرمچاروں کی اصل قوت بلوچ عوام کی حمایت ہے اور عوام کے تعاون سے ہی بلوچستان کی آزاد ریاست کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے گا۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور فورسز کے انخلاء تک حملے سر انجام دیتی رہیگی۔