لبنان میں اسرائیل کی زمینی کارروائی شروع ، لبنانی فوج نے مورچے خالی کردیے

0
17

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ’محدود‘ زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب لبنانی فوج اسرائیلی سرحد سے 5 کلو میٹر پیچھے چلی گئی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق لبنانی فوج جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد پر واقع کئی مورچے چھوڑ چکی ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ زمینی حملے ’محدود اور ٹارگٹڈ‘ ہیں اور حزب اللہ کے ٹھکانوں کے خلاف کیے گئے ہیں۔

ایکس پر جاری ایک بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے اسرائیلی سرحد کے قریب حزب اللہ کے ٹھکانوں پر کیے گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ اور توپ خانے نے بھی ان حملوں میں حصہ لیا ہے اور ’عسکریت پسندوں‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

جنوبی لبنان کے رہائشیوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے زمینی کارروائی کے ساتھ ہی علاقے میں بڑے پیمانے پر دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔

پیر کی رات اسرائیل نے سب سے پہلے بیروت کے جنوبی علاقوں بالخصوص دحیہ کے علاقہ مکینوں کو عربی میں انتباہ جاری کیا کہ وہ ان محلوں کو خالی کر دیں اور حزب اللہ کی عمارتوں سے کم از کم 500 میٹر دور رہیں۔

ایک فلسطینی عہدیدار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ عین الحلویہ کو نشانہ بنایا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی اور خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کیمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس حملے کا نشانہ فلسطینی گروپ فتح کے مسلح ونگ کے ایک رہنما تھے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تقریباً ایک سال قبل لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد جنوبی شہر سیدون کے قریب واقع کیمپ پر یہ پہلا حملہ ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان پر اسرائیلی ٹینکوں اور توپ خانے کے حملے کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرےگی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل لبنان کی سرحد پر محدود کارروائیاں کررہا ہے۔

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا اسرائیل نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ لبنان کی سرحد کے قریب محدود کارروائیوں میں حزب اللہ کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here