لبنان کی مسلح ملیشیا حزب اللہ نے اتوار کی صبح اسرائیل پر 100 سے زیادہ راکٹ فائر کیے ہیں۔
فائر کیے گئے راکٹ شمالی اسرائیل کے علاقوں اور بعض حیفا شہر کے پاس گرے ہیں۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور بظاہر دونوں فریق باقاعدہ جنگ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
راکٹ حملوں کے بعد پورے شمالی اسرائیل میں سائرن بجائے گئے جس کے بعد ہزاروں افراد نے حفاظتی شیلٹرز میں پناہ لی۔
فائر کیے گئے راکٹس کے بارے میں اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف شہری علاقے تھے۔
تازہ حملے کشیدگی میں مزید اضافے کا اشارہ دیتے ہیں کیوں کہ اس سے قبل حزب اللہ کے راکٹ حملوں کا ہدف فوجی اہداف تھے۔
اسرائیل کی ریسکیو سروس کے مطابق راکٹ حملے کے بعد چار افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی شہر حیفا کے نزدیک ایک علاقے میں بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور گاڑیوں میں بھی آگ لگی ہے تاہم یہ واضح نہیں ہیں کہ یہ نقصان حزب اللہ کے راکٹس کی وجہ سے ہوا ہے یا انہیں مار گرانے والے اسرائیلی انٹرسیپٹر اس کا باعث بنے۔
حزب اللہ کا تازہ ترین حملہ جمعے کو بیروت پر اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد ہوا ہے جس میں حزب اللہ اعلیٰ قیادت سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 37 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
حماس نے اس حملے کے بعد جوابی کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔