بلوچستان کے علاقے کوہلو میں محکمہ تعلیم بلوچستان نے طویل غیر حاضریوں پر اساتذہ کے خلاف کارروائی کرکے 14اساتذہ ملازمت سے برخاست کردیئے اور 25کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم کا دعویٰ ہے بلوچستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے محکمہ تعلیم کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے۔ طویل عرصے تک تعلیمی اداروں سے غیر حاضر 14اساتذہ ملازمت سے برخاست کر دیئے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حفیظ اللہ مری کے جاری دو مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے فیصلوں کی روشنی میں 14اساتذہ کو ملازمت سے برخاست جبکہ 25اساتذہ کو جواب طلبی جمع نہ کرنے اور غیر تسلی بخش جواب دینے پر ایک اور شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حفیظ اللہ مری کے مطابق متعدد اساتذہ کے تنخواہوں میں کٹوتی بھی کی گئی ہے اور یہ تمام فیصلے محکمہ تعلیم کی بہتری کیلئے کئے جارہے ہیں۔