ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستانی فوج کا اعلیٰ افسر،2 بھائیوں اور بھتیجا سمیت اغوا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

_ پاکستان فوج کاایک اعلیٰ افسر ، 2 بھائیوں اور ایک بھتیجاسمیت خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی سے اغوا ہو گیا ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل محمد خالد امیر خان گنڈا پور، کنٹونمنٹ بورڈ کے افسر آصف امیر خان گنڈا پور اور نادرا کے ملازم فہد امیر خان گنڈا پور والد کی وفات کے سلسلے میں تحصیل کولاچی آئے تھے۔

تینوں بھائی بدھ کو کولاچی کے علاقے محلہ خدر خیل کی ایک مقامی مسجد میں فاتحہ خوانی کے لیے موجود تھے کہ تقریباً شام چھ بجے چند مسلح افراد آئے اور انہیں گن پوائنٹ پر اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔

اغوا ہونے والے چوتھے شخص محمد ارباب خان گنڈاپور ہیں جو لیفٹیننٹ کرنل خالد امیر کے بھتیجے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ مسلح ملزمان مغویوں کو کلاچی سے ملحقہ علاقے لونی لے گئے ہیں۔

تحصیل کلاچی وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات گنڈہ پور کا آبائی علاقہ ہے۔ اس تحصیل کو مبینہ عسکریت پسندوں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے جہاں گزشتہ کئی ماہ کے دوران ہلاکت خیز واقعات ہوتے رہے ہیں۔

مغوی لیفٹیننٹ کرنل خالد امیر کے والد محمد امیر خان ریٹائرڈ پرنسپل تھے جو منگل کو انتقال کر گئے تھے جس کے بعد مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ جاری تھا۔

اغوا کی واردات کے وقت تینوں بھائی اسی سلسلے میں مسجد میں موجود تھے جس وقت انہیں اغوا کیا گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم اب تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ مغویوں کو کس نے اور کیوں اغوا کیا گیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment