ٹیلی گرام ایپ کے سربراہ پاول دروف فرانس میں گرفتار

0
31

فرانسیسی پولیس نے پیرس کے قریب ایک ہوائی اڈے سے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے سربراہ پاول دروف کو گرفتار کر لیا ہے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق پاول دروف نے اپنے نجی طیارے سے لے بوجیہ ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تھا جس کے بعد انھیں حراست میں لے لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 39 سالہ دورف کے خلاف ٹیلی گرام ایپ سے متعلق بعض الزامات کے تحت گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا اور اسی بنیاد پر انھیں گرفتار کیا گیا ہے۔

ادھر روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق فرانس میں روسی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کی وضاحت کے لیے ’فوری اقدام‘ کر رہا ہے۔

فرانسیسی ٹی وی چینل ٹی ایف ون نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ دروف اپنے نجی طیارے پر سفر کر رہے تھے۔

ٹیلی گرام روس اور یوکرین کے علاوہ سابقہ سوویت یونین کی ریاستوں میں ایک مقبول میسجنگ ایپ ہے۔

روس میں اس ایپ پر 2018 کے دوران پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس سے قبل دروف نے صارفین کا ڈیٹا دینے سے انکار کیا تھا۔ مگر 2021 میں پابندی ہٹا دی گئی تھی۔

فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کی طرح ٹیلی گرام کو بھی بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

دروف نے 2013 کے دوران ٹیلی گرام کی بنیاد رکھی تھی۔ انھوں نے 2014 میں روس چھوڑ دیا تھا جب حکومت نے ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’وی کے‘ پر حزب اختلاف کی سرگرمیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے اپنی وہ کمپنی فروخت کر دی تھی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روسی کاروباری شخصیت دبئی میں رہائش پذیر ہیں اور ٹیلی گرام کمپنی کو بھی یہیں قائم کیا گیا ہے۔ دروف کے پاس فرانس اور متحدہ عرب امارات دونوں کی شہریت ہے۔

میگزین فوربز کے مطابق دروف کے پاس 15.5 ارب ڈالر کے اثاثے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here