بلوچستان کے علاقے سوراب، خضدار اور وڈھ میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے جس کے بعد شاہراہوں پر دھرنوں پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ سوراب، خضدار اور وڈھ میں N-25 قومی شاہراہ پر احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے خلاف دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جبکہ قومی شاہراہ پر احتجاج، دھرنوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے پر تین ماہ کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے، N-25 کی بندش سے مریضوں، مسافروں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو دفعہ 144 پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ قانون کی عملداری اور امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، حکومت بلوچستان عوام کی سہولت، تحفظ اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے پرعزم ہے۔