وی بی ایم پی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی معطلی اور ہیکنگ کی کوششیں

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے سرگرم و متحرک تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) نے اپنے اور تنظیم کے عہدیداران کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو معطل کیے جانے اور سائبر حملوں کا نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پرامن انسانی حقوق کی آواز کو دبانے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ (@Nasrullah_Baloc) معطل کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر فعال کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی نامعلوم وجوہات کی بناء پر اچانک ختم کر دیا گیا ہے، جس سے میڈیا اور عوام تک اطلاعات کی رسائی متاثر ہوئی ہے۔

تنظیم کے نمائندے میر بلوچ کے فیس بک اکاؤنٹ کو بھی غیر متعلقہ اور نامعلوم ڈیوائسز سے مسلسل لاگ ان کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ فیس بک کی جانب سے موصول ہونے والے سیکیورٹی الرٹس کے مطابق 18 اگست 2026 کو ژوب (بلوچستان) کے مقام سے "Infinix Hot 50 Pro+” ڈیوائس سے اکاؤنٹ تک رسائی کی ناکام کوشش کی گئی۔

وی بی ایم پی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے اور سائبر حملوں کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی آوازوں کو بنانا ہے۔

واضح رہے کہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز بلوچستان میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے قائم معروف انسانی حقوق کی تنظیم ہے۔ یہ تنظیم جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کی محفوظ بازیابی اور حراستی قتل کے واقعات کے خلاف مسلسل پرامن احتجاجی کیمپ اور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس سے قبل بھی کوئٹہ میں قائم ان کے احتجاجی کیمپ کو نقصان پہنچانے اور منتظمین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں، تاہم تنظیم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ انصاف کی فراہمی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے تک اپنی سچائی پر مبنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article