سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3045 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے گذشتہ دو روز میں تین ہزار سے زیادہ کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اتوار کو کووِڈ-19 میں مبتلا مزید 36 مریض وفات پا گئے ہیں اور اب متوفیوں کی کل تعداد 712 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے کرونا وائرس کا شکار مزید 1026 مریضوں کے تن درست ہونے کی بھی اطلاع دی ہے۔اس طرح اب تک کل 101914 مریضوں میں سے 72817 شفایاب ہوچکے ہیں۔
سعودی عرب میں کرونا وائرس کے حالیہ رجحانات کے مطابق دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ 717 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔اس کے بعد مکہ مکرمہ میں 623 اور جدہ میں 351 کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔مشرقی شہر الدمام میں بھی کرونا کے کیسوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور وہاں محکمہ صحت کے حکام نے 257 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔