بھارت اور چین کے درمیان سرحدی مسائل کو فوراً حل کرنے پر اتفاق

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور ان کے چینی ہم منصب وانگ یی نے لاوس میں جمعرات کے روز ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماوں نے اپنے سرحدی مسائل کو جلد از جلد حل کرنے پر اتفاق کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے لاؤس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے گروپ آسیان کے سربراہی اجلاس کے موقع پر الگ سے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کی۔

اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان صرف تین ہفتے پہلے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی۔

بھارتی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا،”ہم نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) اور ماضی کے معاہدوں کے مکمل احترام کو یقینی بنانے اور اس سلسلے میں منقطع ہونے والے عمل کی تکمیل کے لیے رہنمائی فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔”

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ امید ہے کہ چین اور بھارت ایک ہی سمت میں کام کریں گے اور اس بات کی کھوج کریں گے کہ پڑوسی ممالک کیسے مل سکتے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جمعرات کو دیر گئے جاری کردہ بیان کے مطابق، وانگ نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ چین اور بھارت کے تعلقات دو طرفہ دائرہ کار سے باہر ایک اہم اثر رکھتے ہیں۔

بیان کے مطابق، وانگ نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ بات چیت کے بارے میں کہا، چین-بھارت تعلقات کو دوبارہ پٹری پر لانا دونوں فریقوں کے مفاد میں ہے۔

Share This Article
Leave a Comment