بلوچستان کے علاقے زیارت، ہرنائی اور گڈانی میں فائرنگ ، روڈحادثہ ، پانی میں ڈوبنے اور گیس سے دم گھٹنے کے حادثات و واقعات سے 9 افراد ہلاک ہوگئے ۔
زیارت میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 5 افراد ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ دوزخ تنگی کے مقام پر پیش آیا۔
لیویز حکام کے مطابق حادثے میں 5 سیاح ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔
لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال زیارت منتقل کیا گیا۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد اور زخمیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے جو کہ پکنک کے لیے زیارت آئے تھے۔
حادثے میں 5 ہلاک اور 2 زخمی ہونے والے افراد میں رحیم الدین ولد شیر علیم، نجم الدین ولد شیر علی، عبداللہ، محمد اعظم ولد محمد عیسیٰ، عبدالمالک ولد محمد یوسف، محمد فاروق ولد محمد حنیف قوم اچکزئی سکنہ پشتون آباد شامل ہیں۔
دوسری جانب ہرنائی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہرنائی ملنزی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
مقتول کی شناخت مزار خان ولد وزیر خان قوم مری سے ہوئی ہے ۔ تاحال قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
دریں اثنا ہرنائی کے علاقے سب تحصیل کھوسٹ زردالو میں کول مائن میں زہریلی گیس بھر جانے سے لیز کا معائنہ کرنے والا کول مائن منیجر نعمت اللہ ولد شیر زمان سکنہ کھوسٹ ہرنائی ہلاک ہوگیا۔
انسپکٹریٹ آف مائنز کی ٹیم، پی ایم ڈی سی کی ٹیم اور مزدوروں کی مشترکہ کوششوں سے لاش کو کول مائن سے نکال لیا گیا۔
ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔
علاوہ ازیں گڈانی میں سمندر میں نہاتے ہوئے 12 افراد ڈوب گئے۔
یوم عاشور پر عام تعطیل کے دن گڈانی کے ساحل پر سمندر میں نہاتے ہوئے 12 افراد ڈوب گئے جن میں سے گڈانی میونسپل کمیٹی کے غوطہ خوروں نے 10 کو بچالیا جبکہ 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ لاشوں کو نازک حالت میں سمندر سے نکالے گئے افراد کو رورل ہیلتھ سینٹر گڈانی منتقل کردیا گیا۔
ایس ایچ او گڈانی قاضی شہک بلوچ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق منصورہ کالونی کراچی سے ہے۔
ہلاک ہونے والے کی شناخت واصف ولد خالا خان عمر 24 سال، اسد ولد محمد امین عمر 20 سال ہے۔