پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے اور اب اس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، سیاست دان اور اراکین اسمبلی بھی انتقال کررہے ہیں۔
آج پاکستان میں 2 اراکین صوبائی اسمبلی کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل کورونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔
میاں جمشید الدین 2013 سے 2018 کے دوران صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بھی رہے جبکہ 2018 کے انتخابات میں وہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 83 نوشہرہ 3 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
میاں جمشید میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد آج ان کی طبیعت بگڑی اور وہ انتقال کرگئے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
رکن اسمبلی بلال تارڑ اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے ذرائع نے تصدیق کی کہ شوکت منظور چیمہ انتقال کرگئے، انہیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ زیر علاج تھے۔
پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 66 سالہ رکن اسمبلی کورونا وائرس ہونے کے بعد سے پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے جہاں آج وہ جانبر نہ ہوسکے۔
مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ گزشتہ 10 روز سے پی کے ایل آئی میں وینٹی لیٹر پر تھے۔
واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ اس سے قبل بھی رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 51 گوجرانوالہ ون سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 82 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 17 سے زائد ہے، اس وائرس سے نہ صرف عام لوگ بلکہ سیاست دان بھی متاثر ہورہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے چند روز بعد انتقال کر گئے تھے۔
اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔
منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔