بھارت :دلی ایئرپورٹ کی چھت گِرنے سے ایک شخص ہلاک

0
69

بھارت کے دارالحکومت دلی کے ایئرپورٹ پر شدید بارش کے دوران ایک عمارت کی چھت گِرنے سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

شدید بارش کے باعث دلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت گِر گئی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس دوران عمارت کا ستون نیچے کھڑی گاڑیوں سے ٹکرایا اور ان گاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹرمینل سے جانے والی تمام پروازوں کو تاحکم ثانی موخر کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کے لیے قائم کردہ چیک اِن کاؤنٹرز بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق یہ واقعہ صبح ساڑھے چار بجے پیش آیا۔

ایئرپورٹ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’چھت گِرنے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بظاہر اس کی بنیادی گذشتہ کئی گھنٹوں سے مسلسل شدید بارش ہے۔‘

دلی ایئر پورٹ پر ریسکیو آپریشن کے دوران زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ آٹھ افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

انڈیا میں ایوی ایشن کے نگران ادارے نے ایئرلائنز کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ صارفین کے لیے دوسری پروازوں کا بندوبست کیا جائے یا ان کے پیسے واپس کیے جائیں۔

اس ٹرمینل کی چھت گرنے سے ہزاروں لوگوں کے سفری پلان خراب ہوئے ہیں کیونکہ زیادہ تر مقامی پروازیں اسی ٹرمینل سے اڑان بھرتی ہیں۔

کچھ ایئر لائنز نے اپنے فلائٹ آپریشنز ایئرپورٹ کے باقی دو ٹرمینلز پر منتقل کر دیے ہیں۔

دلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’ہم متعلقہ اداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور آپریشنز بحال کر رہے ہیں۔‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here