پاکستان : اونٹی کی ٹانگ کاٹنے کے بعد اب گدھی کے کان کاٹ دیئے گئے

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے سانگھڑ میں اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے بعد اب راولپنڈی میں ایک گدھی کے دونوں کان کاٹنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔

جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں اور سول سوسائٹی نے جانوروں پر بے رحمی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

گدھی کے دونوں کان کاٹنے کا واقعہ راولپنڈی میں تھانہ روات کے علاقے ساگری میں چار جون کو پیش آیا تھا لیکن پولیس نے اب جاکر مقدمہ درج کیا ہے، تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

روات پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے اور شبہ ہے کہ یہ واقعہ ملزم اور مدعی دونوں کے درمیان پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔

مقامی ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے کیونکہ معاملے کی تفتیش جاری ہے، جس کے بعد ہی کوئی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا۔

تنویر حسین نامی ایک شخص نے ارشد محمود نامی شخص پر اپنی گدھی کے دونوں کان کاٹ دینے کا الزام لگایا ہے۔

تنویر حسین نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ کھیتی باڑی کا کام کرتا ہے، جانور بھی رکھے ہوئے ہیں۔گدھی جو کھیت سے روزانہ پانی پینے کے لیے گھرلوٹتی تھی،چار جون کو جب گھر لوٹی تو اس کے دونو ں کان کٹے ہوئے تھے۔

شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگوں سے معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ ارشد محمود نامی شخص نے گدھی کے کان کاٹے ہیں اور اس کے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہیں۔

اس واقعے پر جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں اور مقامی باشندوں نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے اور قصورواروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے گدھی کے لیے انصاف کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

چند دن قبل ہی صوبہ سندھ کے سانگھڑ ضلعے کے نندو گاوں میں ایک زمیندار نے اپنی کھیت میں داخل ہونے کی وجہ سے اونٹنی کی ایک ٹانگ کاٹ دی تھی۔

Share This Article
Leave a Comment