پاکستان میں ایک اور صحافی کوقتل کردیا گیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے خیبرپختونخوا کے علاقے لنڈی کوتل میں نامعلوم افراد نے صحافی خلیل جبران کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے مزرینہ میں فائرنگ سے صحافی خلیل جبران ہلاک جبکہ ان کے ساتھی سجاد ایڈووکیٹ زخمی ہوگئے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر سلیم عباس کے مطابق خلیل جبران گزشتہ روز دوستوں کے ساتھ ڈنر کرنے کے بعد اپنی گاڑی میں گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ملزمان نے انہیں گاڑی سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا، جائے وقوعہ سے ایم فور اور کلاشنکوف کے خالی خول برآمد ہوئے ہیں۔

ایمنڈ نے صحافی خلیل جبران کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تواتر کے ساتھ صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، صحافیوں پر تشدد، اغوا اور دھمکیاں معمول بن چکی ہیں، ایمنڈ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفاقی وزیرداخلہ سے مطالبہ کیا کہ صحافی خلیل جبران کے قتل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

بعد ازاں لنڈی کوتل میں صحافی خلیل جبران آفریدی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں شہریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، خلیل جبران کے قتل کے خلاف صحافیوں نے احتجاجاً پاک افغان شاہراہ بند کردی اور مطالبہ کیا کہ 3 دن کے اندر قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

Share This Article
Leave a Comment