ملاوی کے صدر لازارس چکویرا نے نائب صدر ساؤلوس کلاؤس چلیما کی طیارہ حادثے میں ہلاکت کی تصدیق کردی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر لازارس چکویرا کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں کوئی زندہ نہیں بچا۔
خراب موسم میں طیارے کے لاپتا ہونے کے ایک دن بعد منگل کو ایک فوجی ذرائع نے بتایا کہ ملاوی کے ریسکیو عملے کو نائب صدر ساؤلوس چلیما کو لے جانے والے طیارے کا ملبہ مل گیا۔
یاد رہے کہ 51 سالہ نائب صدر اور 9 دیگر افراد کو لے جانے والا فوجی طیارہ پیر کو اس وقت غائب ہو گیا جب وہ شمالی شہر مزوزو میں دھند کے باعث لینڈنگ کرنے میں ناکام ہو گیا تھا اور اسے دارالحکومت لیلونگوے واپس جانے کے لیے کہا گیا۔
ملٹری ریسکیو ٹیم کے ایک رکن کی جانب سے اے ایف پی کے ساتھ شیئر کی گئی تصاویر میں فوج کے اہلکار ملبے کے قریب ایک دھندلی ڈھلوان پر کھڑے دکھائی دے رہے ہیں جن پر ملاوی آرمی ایئر ونگ ڈورنیئر 228-202K طیارے کا رجسٹریشن نمبر موجود ہے۔