بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6مسلح ڈاکو فیکٹری ورکرز کی تنخواہوں کے 34لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
حب انڈسٹریل ایریا میں قائم ادویات تیار کرنے والے کارخانے پلیو ا انڈسٹری کے کیشئر سلمان احمد ،منشی نظام الدین آلٹو کار ڈرائیور سلطان کے ہمرا ہ ایک نجی بنک سے فیکٹری ورکرز کی تنخوہوں کی رقم34 لاکھ روپے نکال کر فیکٹری کی طرف جارہے تھے کہ دن دیہاڑے انڈسٹری ایریا میں نظر چورنگی کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار 6مسلح ڈاکوؤں نے تعاقب کے بعد انکا راستہ روک لیا اور اسلحہ کے زور پر رقم لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
ہائیٹ پولیس کے مطابق واردات کے حوالے سے رپورٹ درج کرلی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔
اسی طرح گزشتہ روز حب کے نواحی علاقہ ساکران میں مائنر نمبر ایک رانا مارکیٹ کے قریب مقامی نوجوان گرمی کی شدت کی وجہ سے کینال میں نہا رہے تھے کہ 3موٹر سائیکلوں پر سوار 6مسلح ڈاکوؤں نے انہیں گھیر لیا اور لوٹ مار کی کوشش کی جس پر مقامی نوجوانوں نے اپنی مدد آپ جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو قابو کرلیا اور مزاحمت پر 5ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ایک ڈاکو نوجوانوں کے ہتھے چڑھ گیا۔
مقامی نوجوانوں کے مطابق مذکورہ ڈاکو سے دو عدد پسٹل بھی برآمد ہوئے بعدازاں خوب دھنائی کے بعد ڈاکواور دو پسٹل ساکران پولیس کے حوالے کر دیئے گئے ۔
واضح رہے کہ حب و ساکران میں آئے روز ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔