بھارت: کان کے حادثے میں 17 ہلاک، 12 لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بھارتی ریاست میزورام میں عہدے داروں نے اطلاع دی ہے کہ منگل کو طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے پتھر کی ایک کان منہدم ہو گئی جس سے کان کے 17 مزدورہلاک اور 12 لاپتہ ہو گئےہیں۔

سینیئر پولیس افسر راہول الوال نے کہا کہ امدادی کارکنوں نے ریاست میزورام کے دارالحکومت ایزوال سے تقریباً 6 کلومیٹر دور میلتھم میں کان میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں برآمد کیں اور ملبے سے دو مزدوروں کو زندہ نکالنے میں کامیاب رہے۔

الوال نے کہا کہ امدادی کارکن اب بھی پھنسے ہوئے کارکنوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مزید بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔

میزورام میں ایسی بہت سی کانیں ہیں جہاں سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کے لیے پتھر نکالے جاتے ہیں۔

یہاں کام کرنے ولی بہت سی کمپنیاں مطلوبہ ماحولیاتی منظوری حاصل کیے بغیر پتھر نکالتی ہیں۔ اور کئی بار حفاظتی اقدامات کی کمی حادثوں کی وجہ بنتی ہے۔

پچھلے سال ریاست کے ایک قصبے ممیت میں پتھر کی کان گرنے سے سات مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔ 2022 میں اسی طرح کے ایک اورحادثے میں 12 مزدور ہلاک ہو ئے تھے۔

الوال نے کہا کہ ریاست میں مٹی کے تودے گرنے کےعلیہدہ واقعات میں مزید چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں پیر کے روز سمندری طوفان ریمال کے بنگلہ دیش سے ٹکرانے کے بعد شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے کمزور ڈھانچے اورغیر پختہ چھتوں والے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور علاقے میں مٹی کے تودے گر نے کا خطرہ ہے۔

Share This Article
Leave a Comment