بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں امتحانی سینٹرز کی فروخت کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔
اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ ڈی جی انسداد بدعنوانی عبدالواحد کاکڑ اور کنٹرولر بورڈ عابدہ خان نے پرچہ فروخت کرنے کا انکشاف ہونے پر کارروائی کی جس میں ایک اسکول سے 2افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
عبدالواحد کاکڑ نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ ہمیں شکایت ملی تھی کہ کئی ایسے سینٹرز ہیں جو فروخت ہوئے ہیں اور وہاں لڑکوں سے ایک خطیر رقم لے کر انہیں علیحدہ کمروں میں بٹھایا جاتا ہے اور انہیں ہر طرح کی (نقل سے متعلق) سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بس بہت ہوگیا، اب جو بھی ان معاملات میں ملوث پایا گیا ان کے خلاف ہم قانونی کارروائی کے بعد مقدمہ درج کروا رہے ہیں۔
اس موقع پر کنٹرولر بورڈ عابدہ خان کا کہنا تھا کہ ہم دن میں چھ سے سات وزٹ کر رہے ہیں، جہاں ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ غلط کام ہو رہا ہے ہم وہیں سے پیپرز سیل کرکے اپنے ساتھ لے آتے ہیں۔