بھارت: ممبئی میں سائن بل بورڈ گرنے سے 14 افراد ہلاک

0
712

بھارتی شہر ممبئی میں طوفان کے بعد موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، جس سے کافی جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ زیادہ اثر گھاٹ کوپر کے علاقے میں دیکھا گیا، جہاں ایک ہورڈنگ بل بورڈ گرنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک اور 74 زخمی ہوگئے۔

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں پیر کی شام کو پہلے گرد و غبار کے ساتھ تیز طوفان آیا اور پھر شدید بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے، مچان اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ عوام کو پہلے سے اس طرح کے موسم کا کوئی اندازہ نہیں تھا، جس سے شہر میں افراتفری پھیل گئی۔

بل بورڈ گرنے کا واقعہ پنت نگر میں ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے پاس واقع ایک پٹرول پمپ پر پیش آیا اور اس سے متعلق ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کی وجہ سے کئی کاریں اس بل بورڈ کے نیچے پھنس گئیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپونس فورس (این ڈی آر ایف) کے ایک انسپکٹر گورو چوہان کے مطابق آٹھ لاشوں کو ملبے سے پہلے ہی نکالا گیا تھا، جبکہ باقی کا پتہ لگا لیا گیا ہے، تاہم ابھی تک انہیں نکالا نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں تلاش کر لیا ہے لیکن اس پٹرول پمپ کی وجہ سے ہم انہیں وہاں سے ہٹا نہیں سکتے، کیونکہ اس سے صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔

ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے اس حوالے سے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ زخمیوں کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے، جبکہ اس کی تفتیش کا حکم دیا گیا ہے۔

دیر رات تک بل بورڈ کے نیچے پھنسے ہوئے زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش جاری رہی۔ مذکورہ بل بورڈ تقریباً 70 میٹر لمبا اور 50 میٹر چوڑا بتایا گیا ہے، اور حکام نے بل بورڈ لگانے والی کمپنی کے خلاف نوٹس جاری کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here