بلوچستان کے علاقے مستونگ ،چھتر اور ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ڈیرہ بگٹی میں پہاڑ کی چوٹی سے گر کرایک چرواہاہلاک ہوگیا۔
مستونگ کے نواحی علاقہ دتو کے مقام پر کوہ نور ہوٹل کے قریب ساسولی قبائل کے آپس میں مسلح تصادم ہوا۔
لاٹھیوں اور فائرنگ سے حاجی سیدال خان ، محمد ایوب، محمد قاسم ساسولی اور آغا محمد نامی 3 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔
دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے چھتر میں صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مرادجمالی کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی آئل اینڈ گیس ڈولپمنٹ کمپنی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخصہلاک جبکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو مزدور ملازم شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ سے گاڑی کو آگ لگ گئی حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
آئل اینڈ گیس ڈولپمنٹ کمپنی جھل مگسی کے ملازم گاڑی پر جھل مگسی سے چھٹی کرکے ڈیرہ مرادجمالی ا رہے تھے کہ صدر پولیس تھانہ کی حدود شاہراہ اوچ پاور پلانٹ کے نزدیک موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سید علی بگٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دو ملازم زخمی ہوگئے۔
زخمی خالد خان کا تعلق کبیر والا عابد علی کا تعلق خانیوال پنجاب سے بتایا گیا ہے ۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے ملازمین او جی ڈی سی کمپنی جھل مگسی کے مزدور ملازم ہیں زخمیوں کو طبی امداد دینے کےلیے لاڑکانہ ریفرکردیا گیا۔
ڈی ایس پی ڈیرہ مرادجمالی کے مطابق پولیس واقعہ کا جائزہ لے رہی ہے۔
دریں اثنا ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں پہاڑ کی چوٹی سے گر کر ایک چرواہا ہلاک ہوگیا۔
ہفتہ کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں پہاڑ کی چوٹی سے گر کرایک چرواہا لما خان ہلاک ہوگیا۔
علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ہفتہ کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے چمبھڑی کے مقام پر زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے فضل حسین مسوری بگٹی نامی ایک شخص زخمی ہوگیا جسے ابتدائی امداد کے بعد ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا۔