ضلع کیچ : تربت پسنی روڈ سے نامعلوم نعش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے میں تربت پسنی روڈ پر بانک چڑھائی کے قریب سڑک کنارے سے ایک نعش برآمد ہوئی ہے۔

مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور نعش کو اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات شروع کر دیے۔

پولیس کے مطابق نعش شدید تشدد زدہ معلوم ہوتی ہے۔ اب تک شناخت نہیں ہو سکی۔

انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ برسوں کے دوران ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سڑک کنارے یا ویران علاقوں سے ملنے والی زیادہ تر نعشیں جبری لاپتہ افراد کی ہوتی ہیں۔

لواحقین اکثر الزام لگاتے ہیں کہ ریاستی ادارے افراد کو حراست میں لینے کے بعد جعلی مقابلوں یا جھوٹے عسکریت پسندانہ بیانیے کے تحت قتل کر دیتے ہیں۔

پنجگور،تربت، پسنی، بلیدہ، مند اور خضدار سمیت کئی علاقوں میں اس نوعیت کے واقعات مسلسل رپورٹ ہو رہے ہیں، جنہوں نے مقامی آبادی میں شدید خوف اور بے چینی پیدا کر رکھی ہے۔

حال ہی میں تربت پسنی روڈ پر اسی مقام کے قریب متعدد نعشیں برآمد ہو چکی ہیں، جن میں سے کئی کی شناخت بعد میں جبری لاپتہ نوجوانوں کے طور پر ہوئی تھی۔

انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں اور ریاستی جبر کی ایک توسیع ہے۔

اس تازہ واقعے میں برآمد ہونے والی لاش کی شناخت کے لیے اسپتال میں کارروائی جاری ہے، جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Share This Article