ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی بھی کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔
اس بات کی تصدیق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر رحیم بابر نے کی۔
انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسر اچکزئی تین دن پہلے سول ہسپتال کوئٹہ ٹراما سینٹر، نیورو سرجری یونٹ اور ایمرجنسی سینٹر میں ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسر اچکزئی ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے لیے حفاظتی کٹس کو یقینی بنانے کے لیے چند ہفتے قبل احتجاج کے دوران گرفتار بھی ہوئے تھے۔
حکومت بلوچستان کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے طبی عملے کی تعداد 190 سے زائد ہے جن میں متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد 150 ہے۔ متاثر ہونے والوں میں 47 پیرا میڈکس بھی شامل ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق بلوچستان میں دس سے زائد فارماسسٹس بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ کورونا سے اب تک دو پیرا میڈکس کی ہلاکت بھی ہوئی ہے جو کہ حقیقی بھائی تھے۔