افغانستان میں شیعہ مسجد پر حملہ، امام سمیت 6 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

افغانستان کے صوبہ ہرات میں ایک شیعہ مسجد پر حملے میں امام سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

افغان طالبان کے مطابق ایک مسلح حملہ آور نے پیر کی شب شیعہ کمیونٹی کی ایک مسجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

افغانستان میں حکمران طالبان کے ایک اہلکار کے مطابق ایک مسلح شخص نے اس وقت مسجد میں گھس کر فائرنگ کی، جب لوگ نماز ادا کر رہے تھے۔

مقامی میڈیا رپورٹس اور افغانستان کے ایک سابق صدر نے کہا کہ مسجد کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ یہ ملک کی شیعہ اقلیتی برادری کے ارکان کی عبادت گاہ تھی۔

طالبان کے وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی کے مطابق یہ حملہ پیر کی شب صوبہ ہرات کے ضلع گوزارہ میں ہوا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اس حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

فوری طور پر کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جس میں ایک نمازی بھی زخمی ہوا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں مسجد کا امام بھی شامل ہے۔

سابق افغان صدر حامد کرزئی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’میں امام زمان مسجد پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، میں تمام مذہبی اور انسانی معیارات کے خلاف کام کرنے کو دہشت گردی سمجھتا ہوں۔‘‘

Share This Article
Leave a Comment