بلوچستان میں شدید بارشوں و آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدیدبارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 7 افراد ہوگئی ہے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں آج تیز بارش کے باعث کچھ علاقوں میں اربن فلڈنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔

بلوچستان میں اب تک آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے سوراب میں 2، ڈیرہ بگٹی میں 2، پشین میں 1 شخصہلاک ہوا جبکہ لورالائی اور کیچ میں مکان کی چھت گرنے سے 2افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اب تک مجموعی طور پر آسمانی بجلی و چھت گرنے کی وجہ سے 7 افرادہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔

بلوچستان میں کوئٹہ، چاغی، نوشکی، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، پنجگور، گوادر، آواران، خضدار، مستونگ، قلات، حب اور دیگر علاقوں میں 12 اپریل سے تاحال جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق گوادر وپسنی میں اربن فلڈنگ کے باعث گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔

اس کے علاوہ کوسٹل ہائی وے کو سیلابی پانی کی وجہ سے کچھ مقامات پر جزوی نقصان پہنچا اور پسنی میں اب تک بارش کی وجہ سے 7 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ، پسنی، گوادر، سبی، بارکھان، دالبندین، تربت، پنجگور، لسبیلہ، خضدار، بارکھان اور سبی میں بارش ہوئی۔

بارشوں کا یہ سلسلہ مزید ایک سے 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، سب سے زیادہ پسنی میں 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دالبندین 28، تربت 18، پنجگور 10، لسبیلہ 9، جیونی 8 ارو خضدار میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارکھان6، گوادر 5، کوئٹہ 3 اور سبی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع میں خنکی بڑھ گئی ہے۔

ہرنائی میں شدید بارش کے باعث ہرنائی سے کوئٹہ جانے والی سڑک جزوی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی اور ضلعی انتظامیہ بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہے۔

Share This Article
Leave a Comment