سوراب : آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے سوراب میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے ہلاک ہو گئے۔

یہ بات بلوچستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل جہانزیب خان کی جانب سے شیئر کی گئی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہبلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ چمن، چاغی، نوشکی، سوراب، خضدار، کوئٹہ اور گردونواح میں بارش ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے اپنے ضلعی سطح کے ہم منصبوں اور دیگر متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی بلوچستان میں بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی، مغربی ہوائیں آج سے 14 اپریل (اتوار) تک بیشتر اضلاع میں بارش کا سبب بنیں گی۔

اس کے نتیجے میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، حب، کیچ، پنجگور، تربت، آواران، قلات، سوراب، چاغی، نوشکی، مستونگ، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، دکی، لورالائی، ہرنائی، ژوب، شیرانی، سبی اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی، علاوہ ازیں تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

کوئٹہ میں آج شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مٹی کے طوفان نے قلات میں بھی تباہی مچا دی، جس سے علاقے میں حدِ نگاہ بھی متاثر رہی۔

Share This Article
Leave a Comment