حب: شاہ نورانی جانے والا زائرین کے گاڑی کو حادثہ ،13 افرادہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع حب میں زائرین سے بھرا ٹرک کھائی میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 13افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ شاہ نورانی جانے والا زائرین کا ٹرک ویراب کے قریب کھائی میں جا گرا، حادثے کے وقت ٹرک میں 100 سے زائد زائرین سوار تھے۔

حادثے کے شکار کئی زائرین ٹرک تلے دب گئے جس سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو مختلف پرائیویٹ گاڑیوں میں حب کی جانب منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایدھی کی ایمبولینس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی جس نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

مسافروں کا تعلق سندھ کے علاقے ٹھٹہ سے ہے جو زیارت کے لیے شاہ نورانی جا رہے لیکن ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا۔

ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام 13 افراد مرد ہیں جبکہ زخمیوں کو حب کے سول ہسپتال منتقل کیا جائے گا جس کے بعد انہیں کراچی لایا جائے گا۔

حادثہ شاہ نورانی سے 20 کلومیٹر اور حب سول ہسپتال سے 40 کلومیٹر کی مسافت پر پیش آیا اور حب سول ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

ٹرک کے نیچے بھی کچھ مسافروں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور بھاری مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment