بلوچستان کے علاقے دکی سے 23 مارچ کو اغواءہونے والے 9 کانکنوں میں سے 5 مغویوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی گئی ہے۔
جاری کی گئی ویڈیو میں مغوی کانکن قائم شیخ اور انکے دیگر ساتھی بازیابی کے لئے مدد کی اپیل کررہے ہیں۔
مغوی کانکنوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انکے پاس دو دن کی مہلت ہے اگر ٹھیکیداران نے اغوا کاروں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ہمیں جان سے مار دیا جائے گا۔
مغوی کانکنوں نے اپنے رشتہ داروں اور ٹھیکیداران سے پیغام میں اپیل کی ہے کہ ان کی بازیابی کے لئے اغوا کاروں کے دیے گئے نمبرز پر رابطہ کرکے ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
مغویوں کا کہنا ہے کہ ہمیں گیارہ دن سے بھوکا رکھا گیا ہے۔
مغویوں کی جاری ویڈیو میں پس منظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مغویوں کو پہاڑی علاقے میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو مبینہ طور پر مسلح افراد نے مختلف کوئلہ کانوں سے گیارہ کانکن اغوا کرکے لے گئے تھے جوکہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
اغوا کاروں کی جانب سے تقسیم کی گئی پرچیوں میں علاقے میں کوئلے کی کانیں بند کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔