بلوچستان کے علاقے ساحلی شہرپسنی سے پیدل کوہ مراد جانیوالے زائرین کو تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے 3 زائرین زخمی جبکہ گاڑی ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بیلار کلانچ کے مقام پر تیز رفتار گاڑی نے پسنی سے کوہ مراد کے لئے پیدل جانیوالے زائرین کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی۔
گاڑی ڈرائیور میر مراد بخش ولد اللہ بخش شکاری سکنہ زارو کلانچ ہلاک جبکہ زائرین میں سے حاصل ولد ڈولی، سیلان ولد شریف اور گل سمین زوجہ بوہیر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے جی ڈی اے ہسپتال گوادر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب گوادر میں بارش سے جمع پانی کے تالاب سے 2 کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
گوادر کے کلانچی پاڑہ میں بارش کے پانی کی تالاب سے دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جو گزشتہ بدھ کی روز سے لاپتہ تھے۔
دونوں بچے پرائمری کلاس میں زیر تعلیم تھے۔
گوادر کے علاقے نیا آباد سے تعلق رکھنے والے دونوں کمسن طالب علم 12 سالہ ساچان اور زاہد کی نعشیں گوادر کے علاقے کلانچی پاڑہ میں بارش کے پانی کی تالاب سے ملی ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ دونوں بچے گزشتہ بدھ کی روز سے لاپتہ تھے اورآج انکی نعشیں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کھودے گئے تالاب سے برامد ہوئی ہیں۔
دونوں کمسن بچوں کی نعشیں ملنے کے بعد ہر آنکھ اشکبارہوگیا جبکہ لواحقین نے دونوں کمسن بچوں کی نعشیں شمبے اسماعیل قبرستان میں سپرد خاک کردیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ 27 فروری کے بارشوں کی وجہ سے کلانچی پاڑہ کے گرائونڈ میں کافی مقدارمیں پانی جمع ہوگیا جسکی نکاسی ابھی تک نہیں ہوسکی ہے جس میں دونوں بچے ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔