شانگلہ میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر خودکش حملہ،5 چینیوں سمیت 6 افراد ہلاک

0
151

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

بشام سے پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ چینی انجینئرز ایک قافلے کی شکل میں داسو ڈیم کی جانب جا رہے تھے۔ ضلع شانگلہ میں بشام کے علاقے میں رودکی کیچ کے مقام پر دوسری گاڑی میں سوار خود کش حملہ آور نے چائنیز کی گاڑی کو ٹکر ماری جس سے دھماکہ ہوا اور گاڑی کھائی میں گر گئی۔

ریسکیو 1122 اہلکاروں کے مطابق دھماکے کے باعث گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جسے بجھا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید ٹیمیں موقع پر پہنچ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ علاقہ ضلع کوہستان اور ضلع شانگلہ کی سرحد پر واقع ہے اور ان علاقوں میں چینی انجینئرز مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

مقامی پولیس اہلکار بخت ظاہر نے بتایا کہ چینی ٹیم میں چار مرد اور خاتون شامل تھیں جبکہ ان کی گاڑی کے ڈرائیور ایک پاکستانی شہری تھے۔

انھوں نے کہا کہ حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کی گاڑی سے ٹکرائی۔ اس واقعے کے بعد پولیس حکام سمیت بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

اس سے پہلے 2021 میں بھی داسو ہائیڈل پاور ڈیم پر کام کرنے والے چینی انجینیئرز کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 9 چینی انجینئرز سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حملہ بھی داسو ڈیم پر کام کرنے والے غیر ملکی انجینئرز پر کیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here