اسرائیل کی فوج نے بدھ کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ کے الشفا اسپتال میں اپنی کارروائی کے دوران 90 کے لگ بھگ مسلح افراد کو ہلاک اور 160 کو گرفتار کر لیا ہے۔ جب کہ عسکریت پسند گروپ حماس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
الشفا، جنگ سے پہلے غزہ کی پٹی کا سب سے بڑا اسپتال تھا اور وہ اب صحت کی دیکھ بھال کے ان چند مراکز میں سے ایک ہے، جو غزہ کے شمالی حصے میں جزوی طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بے گھر ہونے والے بہت سے شہریوں کو رہائش بھی فراہم کر رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز کے دوران، فوجیوں نے اسپتال کے علاقے کو دہشت گردوں اور وہاں موجود ہتھیاروں سے پاک کیا اور یہ کارروائی شہریوں، مریضوں، طبی ٹیموں اور طبی آلات کو نقصان سے محفوظ رکھتے ہوئے کی گئی۔
فوج نے آپریشن میں مارے گئے دو اسرائیلی فوجیوں کے نام اور تصاویر بھی شائع کی ہیں۔
اسرائیلی فوج کی اسپتال پر چھاپہ مار کارروائی پیر کی صبح شروع ہوئی تھی۔ فوج نے اس تنصیب کے اندر رکھے گئے ہتھیاروں کے ذخیرے کی ویڈیوز شائع کیں ہیں اور کہا ہے، ان خفیہ معلومات کی بنیاد پر کہ اسپتال کو مسلح افراد استعمال کر رہے ہیں، وہاں اسپیشل فورسز بھیجی گئیں جنہیں پیادہ دستوں اور ٹینکوں کی مدد حاصل تھی۔
غزہ میں حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر اسماعیل الثوبتہ نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد اسپتال میں موجود زخمی مریض اور بے گھر افراد تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض فوج اپنے مسلسل اور قانون شکنی پر مبنی جرائم کو جواز فراہم کرنے، اور اپنے بیانیے کی تشہیر کے لیے جھوٹ اور فریب سے کام لیتی ہے، جو بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔