بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں لہسن سے لوڈ 2 ٹرکوں کے اغوا کیخلاف زمینداروں نے احتجاج ریلی نکالی ۔
ہرنائی میں گزشتہ رات میختر ایریا سے مسلح افراد کی جانب سے لہسن سے لوڈ 2 ٹرکوں کے اغوا کیخلاف عوام وزمیندارسراپا احتجاج ہیں۔
ہرنائی میں چوری وڈکیتی اور راہزنی کے بڑھتے وارداتوں سمیت لہسن سے لوڈ2ٹرکوں کیخلاف زمیندار ایسوسی ایشن کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ریلی اور مظاہرے میں کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت کی ۔
مظاہرین نے لورالائی، سنجاوی اور ہرنائی کی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
احتجاج کی قیادت زمیندار ولی ترین نے کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات میختر ایریا میں ہرنائی سے تعلق رکھنے والے عبدالحئی اور میراجان کے لہسن سے لوڈ دو ٹرک کو نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا۔
ریلی کے شرکا نے پورے شہر کا چکر لگایا۔
مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر لورالائی، کمشنر سنجاوی، ڈپٹی کمشنر ہرنائی، اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی اور دیگر ضلعی افسران کے فوری ٹرانسفر کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر ان ٹرکوں کو بازیاب نہیں کیا گیا تو پورے بلوچستان میں تمام شاہراہیں بند کردینگے اورہرنائی میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔