بلوچستان کے علاقے حب اور قلات میں فائرنگ اورروڈ حادثے میں 2 افرادہلاک ہوگئے جبکہ پسنی سے ایک لاش برآمدہوئی ہے ۔
حب کے نواحی علاقہ ساکران کے گوٹھ رسول بخش قلندرانی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 40سالہ محمد رمضان ولد کریم بخش قلندرانی نامی شخص ہلاک ہوگیا۔
نعش اسپتال منتقل کردی گئی جبکہ قتل کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔
دوسری جانب قلات میں ایک روڈ حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اے آر وائی نیوز کوئٹہ بیورو کے ڈی ایس این جی ڈرائیو عبداللہ کاکڑ کے نام سے ہوگئی جو کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے قلات کے مقام پر روڈ ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہوگئے۔
دریں اثنا مکران کوسٹل ہائی وے پر تحصیل پسنی کے علاقے کپر کراس میں ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔
پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر شناخت کے لیے آر ایچ سی پسنی منتقل کر دیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی الصبح مکران کوسٹل ہائی وے پر نلینٹ اور کپر کے درمیان کپر کراس پر پاور ہائوس کے قریب نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی جسے تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کیا گیا ہے۔
لاش کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔