پاکستان نے یقین دلایا کہ یوکرین کواسلحہ فراہم نہیں کریگا، روس

0
185
فوٹو: روئٹر

پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد نے ماسکو کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کوئی تیسرا فریق یوکرین کو پاکستانی اسلحہ فراہم نہیں کرے گا۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وائس آف امریکہ کے سوال پر روسی سفیر نے کہا کہ ماسکو کو امید ہے کہ پاکستان آگے چل کر بھی اپنی اس پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔

ماضی میں امریکی جریدے ’انٹرسیپٹ‘ سمیت ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں شائع ہوتی رہی ہیں جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج حاصل کرنے کے لیے پاکستان نے تیسرے ملک کے ذریعے یوکرین کو ہتھیار برآمد کیے تھے۔

روسی سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہ تیسرے ملک کے ذریعے یوکرین کو پاکستانی اسلحہ کی فراہمی کی ذرائع ابلاغ کی دی گئی معلومات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

گزشتہ سال پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس کی جاری جنگ میں پاکستان نے یوکرین کے استعمال کے لیے ہتھیار فروخت نہیں کیے۔

تاہم اس تردید کے باوجود ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کرتی رہی ہیں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریکارڈ کے مطابق پاکستان نے 13 ماہ کے دوران امریکی کمپنیوں کو 43 کروڑ ڈالر سے زائد کا اسلحہ فروخت کیا۔

اس اسلحے میں 155 ایم ایم کے مارٹر شیلز شامل تھے جو مختلف آرٹلری گنز کے ساتھ فائر کیے جاتے ہیں۔

وائس آف امریکہ کے کی جانب سے یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ یوکرین تنازع میں اسلام آباد کے غیر جانب دار رہنے کی پالیسی پر کیا روس مطمئن ہے؟ اس کے جواب میں روسی سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ وہ آزادانہ خارجہ پالیسی پر گامزن ہے اور اس نے اقوامِ متحدہ میں روس مخالفت قراردادوں کو ووٹ نہیں دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here