ڈیموکریسی انڈیکس میں پاکستان آمرانہ نظام والے ممالک میں شامل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

دنیا بھر میں جمہوری نظام کا جائزہ لینے والے بین الاقوامی ادارے نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستان میں رائج طرزِ حکمرانی کو ’اتھاریٹیریئن‘ یعنی آمرانہ قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ کے انٹیلی جنس یونٹ کی ’ڈیموکریسی انڈیکس 2023‘ رپورٹ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے 150 سے زائد ممالک میں رائج نظامِ حکومت کا جائزہ لیا گیا ہے۔

گذشتہ برس ’دی اکانومسٹ‘ کی رپورٹ میں پاکستان کا جمہوریت میں 105 واں رینک تھا اور یہاں قائم حکومت کو ایک ’ہائبرڈ‘ یعنی مرکب نظامِ حکومت قرار دیا گیا تھا۔

تازہ ترین رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ میں تنزلی دیکھنے میں آئی ہے اور اب پاکستان گذشتہ سال کی رینکنگ میں 11 درجوں کی تنزلی کے بعد اقوام عالم میں 118 نمبر پر آ گیا ہے۔

گذشتہ برس ’ڈیموکریسی انڈیکس‘ میں پاکستان کا سکور 13۔4 تھا جو اس برس کم ہو کر 25۔3 ہو گیا ہے۔

اس رپورٹ میں امریکہ، انڈیا، برازیل اور انڈونیشیا جیسے ممالک کو ’فلاڈ جمہوریت‘ قرار دیا ہے۔ ’فلاڈ جمہوریت‘ سے مراد وہ نظام ہے جہاں انتخابات تو صاف و شفاف ہوتے ہیں لیکن وہاں موجود جمہوری نظام میں مسائل ہوتے ہیں جیسے کہ میڈیا پر دباؤ، نظام میں کمزوریاں اور لوگوں کی سیاسی نظام میں دلچسپی میں کمی۔

اس فہرست میں انڈیا کا رینک 41واں ہے۔

’دی اکانومسٹ‘ نے ناروے، نیوزی لینڈ اور آئس لینڈ کو ’مکمل جمہوری‘ ممالک کی فہرست میں سب سے اوپر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ رپورٹ کی تشکیل میں شہری آزادی، انتخابی نظام اور سیاسی کلچر اور اس میں مختلف سوچ کے لوگوں کی شرکت کی گنجائش جیسے عوامل کا جائزہ لیا گیا ہے۔

پاکستان کی حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر تاحال اس رپورٹ پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment