کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے جاری طویل لاک ڈاون کے دوران پولیس نے سرینگر میں ایک جھڑپ میں
پاکستان نواز اعلیٰ کمانڈر سمیت حزب المجاہدین کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پْرانے سرینگر شہر کے علاقے نواکدل میں سحری سے ذرا قبل شروع ہونے والے اس تصادم کے فوراً بعد حکام نے موبائل فون رابطوں اور وائرلیس انٹرنیٹ کو معطل کردیا جبکہ لاک ڈاون کی بندشوں کو باقاعدہ کرفیو میں تبدیل کردیا گیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن پولیس کو مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد کیا گیا اور اس میں پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے حصہ لیا۔
ذرائع کے مطابق تازہ جھڑپ میں پاکستان نواز علیحدگی پسند رہنما محمد اشرف خان صحرائی کے بیٹے جْنید صحرائی ساتھی سمیت مارے گئے۔
صرف دو ہفتے قبل جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں طویل جھڑپ کے دوران حزب کے کمانڈر ریاض نائیکو عرف ابن قاسم کو ساتھی سمیت ہلاک کیا گیا تھا۔
جْنید کے والد اشرف صحرائی سید علی گیلانی کے جانشین تصور کئے جاتے ہیں کیونکہ گیلانی نے چند سال قبل اپنی جماعت تحریک حریت کے چئیرمین کی حیثیت سے مستعفی ہو کر صحرائی کو حریت کا سربراہ نامزد کیا تھا۔
لاک ڈاون کے چھ ہفتوں کے دوران فوجی آپریشنز کے دوران درجنوں پاکستانی نواز دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔