دنیا بھر کے کمپیوٹرز’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹ سے محروم ہوگئے

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

واشنگٹن(سنگر نیوز)دنیا بھر کے زیادہ تر کمپیوٹر اور لیپ ٹاپس کو آپریٹنگ سسٹم فراہم کرنے والی امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ’مائیکرو سافٹ‘ نے دنیا بھر کے کمپیوٹرز پر موجود ’ونڈوز 7‘ آپریٹنگ سسٹم کی اپڈیٹ کی فراہمی ختم کردی۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے ’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹس کی فراہمی بند کیے جانے کے بعد دنیا بھر کے کروڑوں کمپیوٹرز 14 جنوری 2020 سے ’ونڈوز 7‘ کی کسی بھی اپڈیٹ سے محروم ہوگئے۔

مائیکرو سافٹ نے ایک سال قبل ہی اعلان کیا تھا کہ کمپنی جنوری 2020 سے ’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹ کی فراہمی معطل کردے گی اور اب مذکورہ آپریٹنگ سسٹم کی فراہمی کو بند کردیا گیا۔

دنیا بھر میں اس وقت بھی 32 فیصد سے زیادہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ ’ونڈوز 7‘ پر کام کر رہے ہیں یعنی دنیا کے ہر تین کمپیوٹرز میں سے ایک کمپیوٹر پر مذکورہ آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق مائیکرو سافٹ نے ’ونڈوز 7‘ کے ذریعے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ چلانے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 14 جنوری 2020 کے بعد اپنے سسٹمز میں کمپنی کے معروف آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز 10‘ کو انسٹال کرلیں۔

کمپنی کے مطابق ’ونڈوز 10‘ کو 139 امریکی ڈالر کے عوض خریدا جا سکتا ہے اور اس آپریٹنگ سسٹم کی اپڈیٹ کی فراہمی جاری رہے گی۔

ساتھ ہی مائیکرو سافٹ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کے پاس تین سال سے پرانا کمپیوٹر ہے تو وہ ’ونڈوز 10‘ والا نیا کمپیوٹر خرید لیں۔

کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگرچہ 14 جنوری 2020 سے ’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹ کی فراہمی بند کردی گئی ہے تاہم مذکورہ آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے کمپیوٹر و لیپ ٹاپ کام کرتے رہیں گے۔

ساتھ ہی کمپنی نے خبردار کیا کہ اپڈیٹ کے بغیر ونڈوز 7 پر چلنے والے کمپیوٹرز و لیپ ٹاپ پر وائرس حملہ کر سکتے ہیں اور مذکورہ ڈیوائسز سائبر سیکیورٹی کا مسئلہ بھی بن سکتی ہیں۔

اس لیے کمپنی نے لوگوں اور خاص طور پر اداروں اور کاروباری کمپنیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سسٹمز کو ’ونڈوز 10‘ پر لے آئیں یا پھر رقم کے عوض ’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹ کی خصوصی سروس حاصل کریں۔

خیال رہے کہ ونڈوز 7 کی اپڈیٹ کمپنی کی جانب سے مفت فراہم کی جاتی رہیں اور ونڈوز 10 کی اپڈیٹ بھی مفت ہی فراہم ہوتی ہیں تاہم پہلی بار آپریٹنگ سسٹم کو قیمت پر خریدنا پڑتا ہے۔

ونڈوز 7 کو کمپنی نے 2009 میں متعارف کرایا تھا اور اب 11 سال بعد مذکورہ آپریٹنگ سسٹم پر اپڈیٹ کو بند کردیا گیا۔

مائیکرو سافٹ کا اس وقت سب سے مقبول آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 ہے جس پر اس وقت تقریبا دنیا بھر میں 90 کروڑ کمپیوٹر و لیپ ٹاپ چل رہے ہیں۔

مائیکرو سافٹ کو کمپیوٹرز کے آپریٹنگ سسٹم کے حوالے سے سب سے بڑی اور قابل بھروسہ کمپنی تصور کیا جاتا ہے یہ کمپنی بعض موبائلز کے لیے بھی آپریٹنگ سسٹم فراہم کرتی ہے۔

کمپیوٹرز کے برعکس موبائل فونز زیادہ تر گوگل کے اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلتے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment