یورپی یونین کی جانب یوکرین کیلئے 50 ارب یورو کا امدادی پیکج منظور

0
147

یورپی یونین نے یوکرین کیلئے 50 ارب یورو کا امدادی پیکج منظورکرلیا ہے ۔

برسلز میں ایک خصوصی سربراہی اجلاس میں یوکرین میں اہم سروسز کو جاری رکھنے کے لیے فنڈنگ کی فراہمی پر مذاکرات کیے جا رہے تھے۔ ہنگری نے اب تک اس معاہدے کو ویٹو کیا تھا۔

یورپی یونین کے رہنماؤں نے یوکرین کے لیے اضافی 50 ارب یورو کی امداد فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل کے مطابق یورپی یونین کے خصوصی سربراہی اجلاس شروع ہونے کے صرف ایک گھنٹے بعد ہی یورپی یونین کے رہنما ایک معاہدے پر اتفاق کرنے میں کامیاب ہو گئے جس کے تحت بلاک کو اگلے چار سالوں میں یوکرین کو 50 ارب یورو کی مالی اعانت فراہم کرنے کی اجازت ہو گی۔

قبل ازیں ہنگری نے دسمبر کے وسط میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں اس معاہدے کو ویٹو کر کے روک دیا تھا۔

مشیل نے ایکس پر لکھا، ہمارے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سے یوکرین کے لیے مستحکم، طویل مدتی، فنڈنگ یقینی ہو گئی ہے۔‘‘

ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے مطالبہ کیا تھا کہ یوکرین کی فنڈنگ کا سالانہ جائزہ لیا جائے۔ تاہم یونین کے رہنماؤں کے مابین مذاکرات کے بعد یہ طے پایا ہے کہ ضرورت پڑنے پر‘ دو سال میں فنڈنگ کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیئر لائن نے معاہدہ طے پانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے یورپ کے لیے اچھا دن‘ قرار دیا۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ہنگری کی جانب سے ویٹو ختم کیے جانے کے بعد یوکرین کو اگلے چار سالوں میں 50 ارب یورو فراہم کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here