اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہےکہ جنوبی غزہ میں حماس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ اسرائیل کی جنگ کا شدید مرحلہ جلد ختم ہو جائے گا۔
اسرائیلی فوج نے حالیہ ہفتوں میں شمالی غزہ میں حماس کے فوجی ڈھانچے کو ختم کر دینے کے اعلان کے بعد سے خان یونس اور رفح جیسے جنوبی شہروں میں فوجی آپریشن اور بمباری تیز کر دی تھی۔
گیلنٹ نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا، ہم نے واضح کر دیا تھا کہ سخت فوجی کارروائی کا مرحلہ تقریباً تین ماہ تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں یہ مرحلہ پہلے ہی اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا،جنوبی غزہ میں ہم اس کامیابی تک پہنچ جائیں گے اور یہ جلد ہی ختم ہو جائے گا اور دونوں جگہوں پر وہ لمحہ آئے گا، جب ہم اگلے مرحلے کی طرف بڑھیں گے۔‘‘
تاہم ترجمان نے اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔
غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں تقریباً 160 افراد ہلاک اور تقریباً 320 افراد زخمی ہوئے۔
اس وزارت کے مطابق سات اکتوبر کو شروع ہونے والے اس تنازعے میں اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 24,285 افراد ہلاک اور 61,154 زخمی ہوئے ہیں۔